اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور دوحہ میں ہونے والے حالیہ مذاکراتی دور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی عمل میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اعادہ کیا کہ مستقبل قریب میں بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
ترجمان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں اور غیرمتزلزل عزم کو سراہتے ہوئے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا پائیدار حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔




