اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ایف بی آر کے سینئر افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے طے شدہ تاریخی ریونیو ہدف کا حصول قومی معیشت کے استحکام کے لیے اہم سنگ میل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر رواں مالی سال 15 کھرب روپے سے زائد محصولات حاصل کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے برآمدات میں بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور ادارے میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی سے کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع اور شفافیت کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے معاشی ٹیم، چیئرمین ایف بی آر اور افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ترقی کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
ملاقات میں ایف بی آر افسران نے وزیراعظم کو فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی اور جاری اصلاحاتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔




