واشنگٹن: وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبے میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی معاشی بہتری، میکرواکنامک استحکام اور برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔
محمد اورنگزیب نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات سے بھی امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا اور عالمی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے کے لیے امریکی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خزانہ نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے، امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔




