اسلام آباد: ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے وزارتِ داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ایف سی کے دستے نے ایرانی وزیرِ داخلہ کو سلامی پیش کی۔
وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تجارت، سیکیورٹی امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے معاملات پر قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے امریکا ایران کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے امن اور مذاکرات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔




