لاہور: پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر ہے۔ ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم اس سے متعلقہ علاقوں میں صورتحال قابو میں ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ بھی معمول کے مطابق ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام دریاؤں اور آبی گزرگاہوں کی نگرانی جاری ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔




