کوئٹہ: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں کارروائیاں کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں کی گئی، جہاں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔




