پاکستان
Trending

طلبہ کی محبت میرا اعزاز، پنجاب میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں: مریم نواز

 

منڈی بہاؤالدین: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہونہار طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ ملک کا مستقبل تابناک ہے۔ طلبہ کی محبت ان کے لیے اعزاز ہے اور کوئی اسکالرشپ یا لیپ ٹاپ اس محبت کا مکمل صلہ نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یونیورسٹی آف رسول، منڈی بہاؤالدین میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ ہونہار طلبہ کا حق تھا، جو انہیں مل رہا ہے۔ پنجاب میں سفارش کا زمانہ ختم ہوچکا ہے اور طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ طلبہ میں الیکٹرک بائیکس کی تقسیم 15 نومبر سے شروع ہوگی، طلبہ کو بلیک جبکہ طالبات کو پنک بائیکس دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین میں میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا گیا ہے اور شہر میں ٹیچنگ اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت اڑھائی لاکھ گھر بنائے جارہے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں میں اربوں روپے کے فنڈز سے نیا انفراسٹرکچر اور بلاکس تعمیر کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین کے تحفظ اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی غریب کی عزتِ نفس پر سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو چھپانے کے بجائے سامنے لانا ہوگا، جبکہ مجرم خواہ کتنا ہی امیر یا بااثر ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر کوئی مجرم ان کی اپنی جماعت سے بھی تعلق رکھتا ہو تو اسے نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے راستہ نہ دینے پر تشدد کے واقعے میں متاثرہ لڑکی سے رابطے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یتیم بچے پر گاڑی چڑھانے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کو نہیں بھول سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد جرائم کی دنیا چھوڑ دیں، کیونکہ حکومت قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ ڈر ڈر کر حکومت نہیں کرتیں، انہیں وزارتِ اعلیٰ کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ اور عوام نے دی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ اور عوام کو جواب دہ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button