حسن ابدال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حسن ابدال میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم سے مستفید ہونے والے خاندان سے ملاقات کی، ان کے گھر کا دورہ کیا اور اہل خانہ کے ساتھ کھانا کھا کر خوشیاں بانٹیں۔ وزیراعلیٰ نے خاندان کو 5 لاکھ روپے بطور تحفہ بھی پیش کیے۔
ملاقات کے دوران خاندان کے سربراہ نے مریم نواز کو بتایا کہ وہ پہلے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے اور اپنا گھر حاصل کرنا ان کا دیرینہ خواب تھا، جو حکومتی اسکیم کے ذریعے پورا ہوا۔
خاندان کے سربراہ نے اپنی چھت فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ خاندان کا اپنا گھر دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کا ذاتی گھر رکھنے کا خواب پورا ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے خاندان کے افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، ان سے گھریلو حالات دریافت کیے اور 5 لاکھ روپے کا تحفہ پیش کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنا گھر ہونا ہر خاندان کی خواہش ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو اپنی چھت کی سہولت فراہم کی جائے۔




