اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے عوام پر اضافی مالی بوجھ نہیں 1پڑنے دیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں بدامنی اور علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم حکومت نے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام آدمی پر منتقل نہیں ہونے دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا، لیکن حکومت کے بروقت فیصلے کے باعث عوام کو اس اضافے سے محفوظ رکھا گیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رہے گی۔
خطے کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تہران کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا سفارتی کردار جاری رکھے گا۔




