لودھراں کے تھانہ صدر لودھراں کی حدود میں واقع علاقے راجہ پور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو خطرناک دہشتگرد و بینک ڈکیت ہلاک ہو گئے، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، سی سی ڈی سرکل لودھراں کی ٹیم پل گوپال کے قریب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے موجود تھی کہ اچانک دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد دنیاپور کی سمت سے آتے دکھائی دئیے۔ پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ جس پر سی سی ڈی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ سی سی ڈی کے مطابق فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو دو ڈاکو شدید زخمی حالت میں ملے، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت لقمان حکیم اور جاوید ولد زرناب گل کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے ایک ماؤزر 30 بور، ایک پستول 30 بور اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان کے مطابق، دو ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو سندھ کے متعدد تھانوں میں درج سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھے، جن میں بینک ڈکیتیاں، دہشتگردی، ڈکیتی معہ قتل، پولیس پر حملے اور راہزنی شامل ہیں۔
0 12 1 minute read




