اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے دبئی میں ’’پاکستان مارٹ‘‘ کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے، جو برآمدات بڑھانے کے لیے زیرو کوسٹ تجارتی مرکز ہوگا۔
اس منصوبے کا مقصد ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دینا، پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک براہِ راست رسائی دینا، اور برآمدکنندگان کے لیے اخراجات کو کم کرنا ہے۔ ڈی پی ورلڈ یہ تجارتی مرکز بغیر کسی تعمیراتی لاگت کے تعمیر کرے گا، جس سے پاکستانی برآمدکنندگان کو زبردست معاشی ریلیف ملے گا۔
"پاکستان مارٹ” میں برآمدی مصنوعات کی نمائش، اسٹوریج، ترسیل اور عالمی خریداروں تک فوری رسائی کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس منصوبے سے خاص طور پر ٹیکسٹائل، گارمنٹس، سرجیکل آلات، خوراک اور دیگر صنعتوں سے وابستہ برآمدکنندگان کو فائدہ پہنچے گا۔
اہم بات یہ ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مرکز میں فروخت سے قبل کسی قسم کا ٹیکس یا فیس عائد نہیں کی جائے گی، جس کا مقصد عالمی مسابقتی ماحول میں پاکستانی مصنوعات کو مؤثر بنانا ہے۔
ایس آئی ایف سی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستان کی ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دے گا بلکہ عالمی سطح پر ملک کی مثبت شناخت کو بھی اجاگر کرے گا۔ یہ مرکز پاکستانی برآمدات کے لیے ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا جو مستقل معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔




