اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر تبادلہ خیال کیا اور اس اہم پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس دیرینہ تنازعے کے حل کے لیے آذربائیجان کی قیادت کی دور اندیشی کو سراہا اور کہا کہ یہ امن معاہدہ پورے خطے میں خوشحالی اور ترقی کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تاریخی معاہدے کے حصول میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا۔
صدر الہام علیوف نے مسئلہ قرہ باغ پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور تعاون میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعظم نے صدر علیوف کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔
وزیراعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنما آئندہ ایس سی او سمٹ کے دوران بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔




