پاکستان
Trending

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کا اجلاس، وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان

 

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا سمیت دیگر علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت اور مصیبت زدہ لوگوں کے دکھوں پر مرہم رکھنے کا ہے۔

انہوں نے تمام وفاقی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مزید متحرک ہو کر فوری مدد فراہم کریں۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرہ افراد کو وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت مالی امداد دی جائے گی۔

وزیراعظم نے امدادی اشیاء کی تقسیم اور بحالی کے آپریشن کی نگرانی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کو سونپ دی جبکہ بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بحالی کی نگرانی متعلقہ وفاقی وزرا خود کریں گے۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزرا کو ہدایت دی کہ وہ کے پی ، آزاد کشمیر اورجی بی کے متاثرہ علاقوں میں جائیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔

انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ شاہراہوں کی بحالی میں کسی صوبائی یا قومی تخصیص سے گریز کیا جائے اور امدادی راستوں کو کھولنے کو اولین ترجیح دی جائے۔ وزارت مواصلات، این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو سڑکوں اور پلوں کی مرمت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔

وزیر توانائی کو ہدایت کی گئی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام ترجیحی بنیادوں پر بحال کریں۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو فوری طور پر نقصانات کا حتمی تخمینہ پیش کرنے اور امدادی اشیاء کی منظم تقسیم کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت بھی دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button