کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں بارشوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں کراچی اور دیگر علاقوں میں بارشوں کی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
میئر کراچی نے بتایا کہ شہر کے 44 نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کی صفائی اور بہتری کا کام جاری ہے جبکہ 150 کے قریب نالے صاف کیے جا رہے ہیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے 120 سکشن گاڑیاں تیار ہیں اور پی ڈی ایم اے سے بھی ضروری مشینری حاصل کی جائے گی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ آج رات سے کراچی میں بارش متوقع ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تھر میں ہونے والی بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈیمز بھر چکے ہیں اور اس پانی کی خاص اہمیت ہے۔ انہوں نے تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران مکمل طور پر متحرک رہیں اور عوام کی مدد کریں۔




