پاکستان

پنجاب سے آنے والے سیلابی ریلے سندھ میں داخل، دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند

سکھر: پنجاب  کی جانب سے جانے والے  سیلابی ریلے سندھ میں داخل ہو گئے ہیں  جس کی وجہ سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ ہیڈ پنجند پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے دونوں بیراجوں کے تمام گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب  ہیڈ گنڈا سنگھ پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے  جس کے باعث  پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس شدید ریلے کے نتیجے میں بہاولپور کے تقریباً 100 دیہات اور مواضع زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

منچن آباد میں بھی ستلج کے ریلے سے بھاری نقصان ہوا ہے جہاں 67 دیہات، رابطہ سڑکیں اور کھیت ڈوب گئے ہیں۔ بہاولنگر کے علاقے بھکاں پتن میں بھی سیلاب کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ اوچ شریف میں دریائے چناب اور ستلج کے ریلوں سے کئی دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکپتن میں صورتحال بھی خراب ہوتی جا رہی ہے جہاں بابا فرید پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 25 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی نقل مکانی شروع ہو چکی ہے اور انتظامیہ ہنگامی اقدامات کر رہی ہے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ تاہم، فصلوں کی تباہی اور گھروں کے پانی میں ڈوبنے کے باعث صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button