اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی جانب سے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے اختیارات کے خلاف دائر آئینی درخواستیں ابتدائی اعتراضات کے بعد واپس کر دیں۔
ذرائع کے مطابق، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواستوں پر اعتراض اٹھایا کہ درخواست گزار یہ واضح کرنے میں ناکام رہے کہ کن بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے جس پر آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت عدالت عظمیٰ کا دائرہ اختیار استعمال کیا جائے۔
اعتراضات میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ درخواستوں میں آئینی نکات کی مناسب وضاحت موجود نہیں، نہ ہی نوٹسز کے لیے فریقین کی تفصیل فراہم کی گئی۔ درخواستیں ذاتی نوعیت کی شکایات پر مبنی قرار دی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے مذکورہ ججز نے چیف جسٹس کے مبینہ اختیارات کے ناجائز استعمال کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔




