واشنگٹن: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 30 منٹ پر متوقع ہے، جس کی تصدیق امریکی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ‘روئٹرز’ کو دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے شریک ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت سے ملاقات میں مسلم دنیا سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر عملدرآمد پر بھی بات چیت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار واشنگٹن میں جاری اہم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر عالمی معاملات پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔
اس سے قبل نیویارک میں وزیراعظم نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں قطر کے امیر، اردن کے بادشاہ، انڈونیشیا کے صدر اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارتی تعاون اور غزہ کی موجودہ کشیدگی پر بات چیت ہوئی۔
مزید برآں، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، آسٹریا کے چانسلر، کویت کے ولی عہد اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور عالمی قیادت کے ساتھ مل کر مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرتا رہے گا۔




