گوادر: پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے گوادر میں پانی کے بحران کو مؤثر طریقے سے حل کر لیا گیا ہے۔ شادی کور ڈیم کی پائپ لائن سے پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے جبکہ گوادر ڈی سیلینیشن پلانٹ کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے آکرہ اور سواد ڈیمز کی خشک سالی کے باعث پانی کی کمی شدید ہو گئی تھی، جس میں پانی کی چوری اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کی غیر فعالیت نے مسائل کو بڑھا دیا تھا۔ 29 ستمبر کو ہنگامی اجلاس میں پانی کی فراہمی کے لیے روزانہ کے اہداف مقرر کیے گئے تھے۔
اب گوادر کو شادی کور پائپ لائن سے یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور میرانی ڈیم سے باؤزر کے ذریعے پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ سن اسٹار کنوؤں کے لیے پائپ لائن کی تنصیب کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔
ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کو خشک سالی کے پیچھے بڑی وجہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے اور نئے ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے۔
علاقے کے باشندوں نے فوری اور مؤثر اقدامات پر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔




