اسلام آباد: عرب خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کی تازہ ترین رپورٹ نے عالمی سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعہ سے قبل پاکستان میں شروع ہونے والا ہے۔ اس حساس مشن کے لیے اسلام آباد کو "سیکیورٹی زون” میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
نور خان ایئر بیس پر امریکہ کے 2 لاجسٹک طیارے خصوصی ساز و سامان لے کر پہنچ چکے ہیں، جس کے بعد مذاکرات کے انعقاد کی تصدیق مزید پختہ ہو گئی ہے۔ وفاقی انتظامیہ نے اسلام آباد کے بڑے ہوٹلوں کو فی الفور خالی کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ جمعہ تک کسی بھی نئی بکنگ پر مکمل پابندی عائد ہے، اور پہلے سے مقیم مہمانوں کو بھی متبادل جگہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق، سفارتی وفود کی آمد شروع ہو چکی ہے اور مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کسی بھی وقت متوقع ہے۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے خطے میں قیامِ امن کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کو ایک میز پر لانا پاکستان کی حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی سفارتی فتح ثابت ہو سکتی ہے۔




