واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کروانا اُن کے لیے انتہائی آسان ہوگا اور وہ جنگیں رکوانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بطور صدر اُنہوں نے اپنے دورِ صدارت میں آٹھ تنازعات روک دیے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے شکوہ بھی کیا کہ جب وہ کوئی تنازع حل کرتے ہیں تو لوگ کہتے ہیں کہ اگلی بار آپ کو نوبل انعام ملنا چاہیے، مگر انہیں نوبل انعام نہیں ملا۔ انہوں نے کہا، "مجھے جنگیں رکوانا پسند ہے — میں صرف جانیں بچانا چاہتا ہوں۔”
ٹرمپ نے پاک افغان سرحدی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُس جنگ کو روکنا ان کے لیے آسان ہے۔ اُنہوں نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کے حل کا بھی حوالہ دیا اور دعویٰ کیا کہ سابقہ معاملات میں اُن کے اقدامات نے "لاکھوں جانیں بچائیں” — جس کا حوالہ انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے تاثر کے طور پر دیا۔
صدر نے بار بار اس بات پر زور دیا کہ اُنہیں نوبل انعام نہ ملنے کا رنج ہے مگر اُن کا بنیادی مقصد امن قائم کرنا ہے۔ گفتگو کے دوران اُنہوں نے اپنی انتظامیہ کی سفارتی کردار کو نمایاں کیا اور کہا کہ وہ تنازعات کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہوئے حل کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔




