اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کی کال پر تحریک شروع ہو چکی ہے، جو 5 اگست کو اپنے عروج پر پہنچے گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات محض ایک عمومی سیاسی تجزیہ تھا، جس کا مطلب تھا کہ 90 دن کے اندر سیاسی صورتحال میں تبدیلی ممکن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ علی امین گنڈا پور عمران خان کے قابل اعتماد ساتھی ہیں اور پارٹی کے اندر کسی قسم کے اختلافات موجود نہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جہاں مختلف آراء ہوتی ہیں، مگر تمام معاملات اندرونی طور پر حل کیے جاتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے حکومت کے بیانات کو محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کوئی انتشار پسند قوت نہیں، بلکہ ایک منظم سیاسی جماعت ہے جو ملک میں انتشار نہیں بلکہ تبدیلی چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اپنے فیصلے خود کرتی ہے اور کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتی۔




