پاکستان
Trending

لاہور میں بسنت 2026 منانے کی اجازت، حفاظتی اقدامات اور رجسٹریشن لازمی قرار:ڈپٹی کمشنر نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

 

لاہور :لاہور میں طویل عرصے بعد بسنت 2026 منانے کی اجازت دے دی گئی ہے، جس کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور نے پتنگ بازی سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بسنت کے موقع پر 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو پتنگ بازی کی جا سکے گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بسنت کے دوران صرف منظور شدہ اور معیاری پتنگ بازی کا سامان استعمال کیا جائے گا۔ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025 سے 8 فروری 2026 تک جبکہ عوام کو سامان کی فروخت یکم فروری سے 8 فروری تک کی اجازت ہو گی۔

انتظامیہ کے مطابق پتنگ بازی کا سامان صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی فروخت کر سکیں گے۔ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کے لیے رجسٹریشن کا عمل 29 دسمبر 2025 سے شروع ہو چکا ہے، جو ای-بز ایپ یا basant.punjab.gov.pk کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں حفاظتی اقدامات پر خصوصی زور دیتے ہوئے چرخی کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک اور تیز مانجھا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ صرف مقررہ معیار کی روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اس کے علاوہ پتنگ کے سائز اور تعداد سے متعلق حدیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ دکاندار اپنے سرٹیفکیٹس نمایاں مقام پر آویزاں کریں اور سامان کے سٹاک، فروخت اور نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھنا لازمی ہو گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ، منظم اور عوام کے لیے خوشگوار بنانا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button