راولپنڈی :وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، اراکین اسمبلی اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال ڈینگی کی صورتحال کافی بہتر ہے۔ راولپنڈی کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے ماڈل ضلع کے طور پر پیش کیا گیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز اور ضلعی انتظامیہ کی مربوط کوششوں، موثر نگرانی اور بہترین حکمت عملی کی بدولت ڈینگی کنٹرول میں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی جیسا سنگین مسئلہ حل کرنے کے لیے تمام محکموں نے بھرپور تعاون کیا اور عوام نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔
وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کو مزید مضبوط کرے اور آئندہ سال کے لیے بہتر منصوبہ بندی کرے تاکہ اس مرض کو مکمل طور پر قابو پایا جا سکے۔




