خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دہشت گرد مبینہ طور پر علاقے لالہ چینہ میں ایک مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق محمد نعیم، محمد کریم اور نورنبی نامی دہشت گرد محفوظ ٹھکانے میں چھپے ہوئے تھے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور خودکش جیکٹس بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ عناصر سیکیورٹی فورسز، مذہبی مقامات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی تیاری میں تھے۔ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کر کے ایک بڑا سانحہ ٹال دیا۔
علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔




