بین الاقوامی

ایران میں امریکی شہریوں کے لیے الرٹ، فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت

ایران میں جاری احتجاج اور بڑھتی کشیدگی کے باعث امریکا نے اپنے تمام شہریوں کو فوری طور پر زمینی راستوں کے ذریعے ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ جو شہری اس وقت روانگی کے قابل نہیں ہیں، وہ محفوظ مقامات یا اپنے گھروں میں رہیں اور پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء اپنے پاس رکھیں۔

امریکی حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آرمینیا یا ترکی کے راستے ایران سے نکلیں۔ ایران میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں، کئی سڑکیں بند ہیں، عوامی ٹرانسپورٹ متاثر ہے اور انٹرنیٹ کی رسائی محدود ہو چکی ہے۔

دوہری شہریت رکھنے والے امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایران سے روانگی کے وقت ایرانی پاسپورٹ استعمال کریں، کیونکہ ایران دوہری شہریت تسلیم نہیں کرتا اور ایسے افراد کو صرف ایرانی شہری مانتا ہے۔ سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ امریکی شناخت یا امریکا سے تعلق ظاہر کرنے سے گرفتار ہونے کا خطرہ ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کا خواہاں ہے، لیکن حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر کسی کارروائی کے امکانات موجود ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے، تاہم فوجی کارروائی کے امکان کے بارے میں سخت انتباہ جاری ہے۔

احتجاج کے دوران اب تک ایران میں 500 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 10 ہزار افراد گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button