مظفرآباد:آزاد کشمیر پولیس نے راولاکوٹ میں ایک بڑی انٹیلیجنس کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ (RAW) کے ایک خطرناک کارندے کو گرفتار کر کے تخریب کاری کا ہولناک منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ آئی جی آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے مظفرآباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران دشمن کے عزائم بے نقاب کر دیے۔
آئی جی کے مطابق گرفتار ایجنٹ کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، جسے حساس فوجی تنصیبات کی تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہوئے موقع پر ہی دبوچ لیا گیا۔ ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے براہِ راست اپنے بھارتی ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھا اور حساس مقامات کی لوکیشنز دشمن کو فراہم کر رہا تھا۔
پریس کانفرنس میں انکشاف کیا گیا کہ ‘را’ کی جانب سے صرف فوجی تنصیبات ہی نہیں بلکہ معصوم بچوں کے اسکولوں کو بھی نشانہ بنانے کی مذموم منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ آئی جی نے ملزم کی بھارتی ہینڈلرز کے ساتھ پیسوں کی لین دین سے متعلق آڈیو ریکارڈنگز بھی سنائیں۔ملزم معصوم بچوں کو معمولی رقم کا لالچ دے کر ریاست کے خلاف استعمال کرنے اور انہیں تخریب کاری کے لیے تیار کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
آئی جی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے واضح کیا کہ "آزاد کشمیر کی مٹی کا تقدس ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ دشمن نے ایک بار پھر بزدلانہ وار کی کوشش کی لیکن ہمارے اداروں اور عوام کے تعاون نے اسے خاک میں ملا دیا۔ کسی بھی آلہ کار کو ریاست کی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔




