لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر دنیا بھر سے پاکستان آنے والی سکھ برادری کا پنجاب آمد پر دل سے خیرمقدم کیا اور انہیں ’’جی آیاں نوں‘‘ کا پیغام دیا۔ مریم نواز شریف نے اس موقع پر سکھ کمیونٹی کو بابا گورو نانک کے جنم دن کی خوشی میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’بابا گورو نانک انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار تھے۔ ان کا پیغام پُرامن معاشروں، رواداری اور بھائی چارے پر مبنی تھا، اور انہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’پنجاب میں ہر شہری کو مساوی سہولتیں اور حقوق فراہم کرنا ہماری حکومت کا مشن ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ ہم سب کو مل کر پاکستان کو امن، آشتی اور رواداری کی مثال بنانا ہے، جیسا کہ بابا گورو نانک نے محبت، ہمدردی، انسانیت اور بردباری کا درس دیا۔‘‘
مریم نواز شریف نے اس موقع پر گزشتہ سال کرتارپور میں بیساکھی میلے میں شرکت کو ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پنجاب حکومت نے سکھ برادری کو بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ یاتریوں کو مکمل تحفظ اور آرام مل سکے۔‘‘




