اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں محصولات میں اضافے، ٹیکس نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کی استعداد بڑھانے کے لیے تمام شعبوں کا جامع اور سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جائے اور ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاور سیکٹر کے تعاون سے غیر رسمی معاشی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور کاروباری اداروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے محصولات میں اضافہ اور ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل ناگزیر ہے، اس حوالے سے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔




