اسلام آباد: پی آئی اے کی خریداری کے عمل کے دوران حکومت نے اس کی قومی شناخت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، نئی سرمایہ کاری یا شراکت داری کے باوجود پی آئی اے کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا اور وہ بدستور "پی آئی اے” ہی کہلائے گی۔
ذرائع کے مطابق، پی آئی اے کا مشہور لوگو اور برانڈ بھی برقرار رکھا جائے گا، اور اس کی تاریخی حیثیت اور علامتی اہمیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ حکومت کا مقصد پی آئی اے کو ایک قومی شناخت کے طور پر قائم رکھنا ہے تاکہ اس کی تاریخی میراث اور عوامی تعلق برقرار رہے۔
نئے سرمایہ کاروں کو پی آئی اے میں انتظامی اور مالی اصلاحات کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم اس کے قومی تشخص، برانڈ اور شناخت کے معاملات سرکاری پالیسی کے مطابق محفوظ رہیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پی آئی اے کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ اس کی قومی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔




