اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کو بڑی راحت دے دی۔ وزیراعظم نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافے کی تجویز کو عوامی مفاد میں مسترد کرتے ہوئے قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کے باعث پٹرول کی قیمت میں 76 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 177 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سفارشات کو "عوام دشمن” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ عید کی خوشیوں میں عوام کو ایسے بڑے جھٹکے نہیں دیے جا سکتے۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت کو معاشی چیلنجز کا بخوبی اندازہ ہے، مگر عوام کی سہولت ہماری پہلی ترجیح ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھا کر حکومت نے کروڑوں پاکستانیوں کو عید کا بڑا تحفہ دیا ہے تاکہ ٹرانسپورٹ اور عام اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں رہ سکیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیراعظم کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ایک بڑا ریلیف قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر پٹرول مہنگا نہ ہونا ایک بڑی خوشخبری ہے، جس سے وہ اپنے آبائی علاقوں کو جانے اور عید کی خوشیاں منانے میں آسانی محسوس کر رہے ہیں۔




