ٹیکنالوجی
Trending

پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کا خواب سچ ہونے کو: کل 5G سپیکٹرم کی نیلامی، صارفین کے لیے بڑی خوشخبریاں

 

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیجیٹل انقلاب لانے کے لیے حتمی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین پی ٹی اے نے اعلان کیا ہے کہ کل (منگل) سے 5G اسپیکٹرم کی تاریخی نیلامی کا عمل شروع کر دیا جائے گا، جس سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں غیر معمولی بہتری متوقع ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1987 سے اب تک پاکستان صرف 274 میگا ہرٹس اسپیکٹرم پر چل رہا تھا، لیکن اب ایک ہی مرحلے میں 600 میگا ہرٹس اسپیکٹرم نیلام کیا جا رہا ہے۔ نیلامی کے لیے خصوصی سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے اور اس پورے عمل کو براہِ راست (Live) دکھایا جائے گا تاکہ شفافیت پر کوئی حرف نہ آئے۔
عوام میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے واضح کیا کہ 5G ٹیکنالوجی کے آنے سے موبائل پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا اور پی ٹی اے اس کی مکمل نگرانی کرے گا۔
تمام ٹیلی کام کمپنیوں نے تربیتی نیلامی (Mock Auction) کے دوران سافٹ ویئر کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔حکومت کا مقصد خزانہ بھرنا نہیں بلکہ ملک بھر میں بہترین کنیکٹوٹی فراہم کرنا ہے تاکہ فری لانسرز اور عام صارفین کو عالمی معیار کی سہولیات ملیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 5G کی آمد سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی جلا ملے گی۔ تیز ترین ڈاؤن لوڈنگ اور بغیر کسی رکاوٹ کے ویڈیو اسٹریمنگ سے تعلیم، صحت اور تجارت کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button