راولپنڈی : پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف پاک فوج نے ایک بڑے اور مؤثر فوجی آپریشن ’غضب للحق‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک افواج نے سرحد پار سے ہونے والی مسلسل اشتعال انگیزی اور دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔
پاک فوج نے ارندو اور کرم سیکٹر میں فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں (افغان طالبان) کے ٹھکانوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔ اس دوران دہشت گردوں کے اہم آپریشنل مراکز اور اسٹریٹجک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی کے سامنے بزدل افغان طالبان اور دہشت گرد اپنی پوسٹیں اور بھاری اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ ان حملوں کا رخ صرف اور صرف فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں اور ان کی عسکری تنصیبات کی طرف ہے۔ سویلین آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے صرف ان مراکز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں سے پاکستان کے خلاف تخریب کاری کی جاتی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، آپریشن ’غضب للحق‘ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور دہشت گردوں کو ان کی محفوظ پناہ گاہوں میں بھی چین سے نہیں بیٹھنے دیا جائے گا۔




