انطالیہ:وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے 5ویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
باہمی تعاون کو مزید منظم کرنے کے لیے رواں سال کے آخر میں انقرہ میں 8ویں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کا اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق پایا گیا۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ بندی کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر اردوان نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی کھل کر حمایت کی۔
دونوں ممالک نے جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل تھے، جبکہ ترک وزیر خارجہ حکان فیدان نے بھی بات چیت میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کی روایتی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انطالیہ فورم کو عالمی سطح پر ایک "موثر آواز” قرار دیا۔




