کھیل
Trending

بیٹنگ اور بولنگ کے جادوگر سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں چل بسے

 

برج ٹائون :ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راؤنڈر اور سابق کپتان سر گارفیلڈ سوبرز، المعروف سر گیری سوبرز، 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے کرکٹ کی دنیا ایک ایسے کھلاڑی سے محروم ہو گئی جسے کھیل کی تاریخ کے مکمل ترین آل راؤنڈرز میں شمار کیا جاتا ہے۔

سر گیری سوبرز نے اپنے شاندار کیریئر میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور کرکٹ کے میدان میں کئی یادگار ریکارڈ قائم کیے۔

انہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، 8 ہزار 32 رنز اسکور کیے اور 235 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے نام ٹیسٹ کرکٹ میں 26 سنچریاں بھی درج ہیں۔

1958ء میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سر گیری سوبرز نے 365 رنز ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگز کھیلی، جو 36 برس تک ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ رہی۔

1968ء میں ناٹنگھم شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر چھ چھکے لگا کر تاریخ رقم کی اور دنیا کے پہلے بلے باز بنے جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

سر گیری سوبرز نے 1965ء سے 1972ء تک ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت کی اور اپنی جارحانہ قیادت سے ٹیم کو عالمی کرکٹ میں ایک مضبوط قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کرکٹ کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں 1975ء میں انہیں "نائٹ ہڈ” کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ انہیں وزڈن کرکٹرز آف دی سنچری میں بھی شامل کیا گیا۔

سر گیری سوبرز کے انتقال پر دنیائے کرکٹ کی معروف شخصیات اور شائقین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button