لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن ارکان خالد نثار ڈوگر اور شیخ امتیاز کو پندرہ اجلاسوں کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسمبلی کے فلور پر حکومتی رکن حسان ریاض اور اپوزیشن رکن خالد زبیر کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ ارکان نے ایک دوسرے کو تھپڑ مارے، جبکہ صوبائی وزیر ذیشان رفیق بھی تصادم میں شامل ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دیا گیا، جبکہ اسپیکر نے دونوں فریقین کو چیمبر میں طلب کر کے مشاورت کی۔
سپیکر ظہیر اقبال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا”یہ کسی ایک رکن کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ایوان کے وقار کا معاملہ ہے۔ ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور آج کا دن پنجاب اسمبلی کے لیے سیاہ دن ہے۔”
حکومتی ارکان نے بھی اپوزیشن کے رویے کو غیر پارلیمانی اور ناقابل قبول قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کا اظہار جمہوری دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے، نہ کہ تشدد کے ذریعے۔
ادھر رکن اسمبلی مجتبیٰ شجاع الرحمان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں اس نوعیت کے واقعات جمہوری اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
قائم مقام اسپیکر نے واضح کیا کہ ایوان کا تقدس ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا، اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔




