لاہور: سپیریئر یونیورسٹی اسکول آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور سینٹر فار کری ایٹو آرٹس کے زیر اہتمام 2 روزہ انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا اختتام پذیر ہوگیا۔ ایکسپو سینٹر میں منعقدہ اختتامی تقریب میں چیئرمین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ یہ تو ابھی شروعات ہے، بزنس مین اور انڈسٹری نوجوانوں کی سرپرستی نہیں کریں گے تو بچے بے روزگار ہی رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایم ڈی سپیریئر گروپ چودھری عبد الخالق نے کہا کہ سپیریئر کا 28 سالہ سفر آج کامیاب ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے مطابق انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا کا انعقاد چیئرمین سپیریئر گروپ چودھری عبدالرحمان کے وژن کا حصہ ہے۔
چودھری عبد الخالق نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو سپیریئر پاکستان بنانا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، عملی تربیت اور انڈسٹری سے براہِ راست روابط فراہم کرکے انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے۔




