اسلام آباد :صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے دہشتگردوں کے عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔




