اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام ارکان اسمبلی سے یکم جولائی تا 31 دسمبر 2025 کے دوران دیے گئے سفری واؤچرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ اراکین کی اکثریت نے اس اقدام پر تحفظات ظاہر کیے اور معاملہ اسپیکر سردار ایاز صادق کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ارکان کو سالانہ دو اقساط میں 12 سے 15 لاکھ روپے مالیت کے واؤچرز فراہم کیے جاتے ہیں، جو وہ اپنے اور اہلِ خانہ کے فضائی سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ سیکرٹریٹ نے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ واؤچرز کے استعمال کی تفصیلات فراہم کریں، جس کے بعد یکم جنوری تا 30 جون 2026 کے واؤچرز جاری کیے جائیں گے۔
اسی دوران اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر سیکرٹریٹ نے چیف ویپ حزب اختلاف ملک عامر ڈوگر کو سابق قائدِ حزب اختلاف سے متعلق عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی معلومات طلب کرتے ہوئے چوتھا خط بھیجا ہے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق مطلوبہ معلومات موصول ہونے کے بعد ہی قائدِ حزب اختلاف کی تقرری کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔




