اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں۔
پاکستان آمد کے بعد شامی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورتحال اور اہم عالمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ پاکستان اور شام کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
شامی وزیر خارجہ کے دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ تقریباً 19 برس بعد کسی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
دورے کے دوران اسعد حسن الشیبانی کی وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ فریقین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رہے گی۔




