اسلام آباد:پاکستان نے وزیراعظم کی ہدایت پر نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کے لیے 100 ٹن انسانی امداد روانہ کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق امدادی سامان خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو بھجوایا گیا۔ امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔
پاکستان میں نیپال کے سفیر سمیت وزارتِ خارجہ، این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی مربوط کوششوں سے نیپال کے متاثرین کے لیے بروقت امدادی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔




