اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سفارتی پیش رفت متوقع ہے، وزیراعظم شہباز شریف دسمبر کے پہلے ہفتے میں روس کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دورے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد اور کاروباری شخصیات بھی روس جائیں گی۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
مذاکرات میں توانائی، تیل و گیس، تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پاکستان میں روسی تعاون کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سربراہی سطح کے باضابطہ مذاکرات بھی ہوں گے، جبکہ کاروباری وفود کی ملاقاتوں کے ذریعے تجارتی روابط کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا یہ مجوزہ دورہ پاکستان کی روس کے ساتھ اقتصادی اور سفارتی شراکت داری کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔




