واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے لیے امریکی امداد رواں سال کے اختتام پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اب امریکا کی مالی معاونت کی ضرورت نہیں رہی۔
امریکی میڈیا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ امداد روکنے کے معاملے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل کو امریکی مدد درکار ہوتی تو امداد جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے۔
امریکی صدر نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند بائیں بازو کو امریکا پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ وسط مدتی انتخابات کی وائٹ ہاؤس سے نگرانی کی جائے گی، جبکہ انہیں توقع ہے کہ انتخابی نتائج اندازوں سے زیادہ بہتر ہوں گے۔
ایران سے متعلق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب ایران پر محدود نوعیت کا آپریشن کیا گیا، جسے وسیع جنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایران کی جوہری تنصیبات کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور اگر کسی نے ان تنصیبات تک پہنچنے کی کوشش کی تو امریکا دوبارہ حملہ کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو موجودہ صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور وہ ایران کی باقی ماندہ صلاحیتوں کا خاتمہ کر سکتا ہے، تاہم لوگوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔




