کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں الیکٹرک (EV) بسوں کے ساتھ ساتھ ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد بھی بڑھائی جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
شرجیل میمن نے نئے روٹس کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ عید سے قبل ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ای وی بسوں کے لیے نئے روٹس کا آغاز کر دیا جائے گا۔عید کے بعد اس منصوبے کا دائرہ کار سندھ کے دیگر اضلاع تک پھیلا دیا جائے گا تاکہ پورے صوبے کے عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔
ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کو پائیدار بنانے کے لیے سندھ حکومت نے مالیاتی اداروں کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر وزیر کے مطابق "عید کے بعد سندھ بینک، ایس ای ڈی ایف (SEDF) اور ایس ایم ٹی ای (SMTE) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے، جو ٹرانسپورٹ نظام کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد میں اضافے سے نہ صرف مسافروں کی گنجائش بڑھے گی بلکہ یہ شہر کی سڑکوں پر جدید ٹرانسپورٹ کی علامت بنیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے ایندھن کی بچت اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔




