اسلام آباد:سپریم کورٹ کے چار ججز نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر سپریم کورٹ رولز 2025 کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
ججز منصور علی شاہ، منیب اختر، اطہر من اللہ اور عائشہ ملک نے خط میں کہا ہے کہ 3 ستمبر کو فل کورٹ اجلاس کی اطلاع دی گئی تھی جو رولز میں ترامیم کے لیے بلایا گیا تھا، تاہم اس اجلاس پر ان کے تحفظات وہی ہیں جو پہلے بھی کئی بار بیان ہو چکے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ رولز کو فل کورٹ اجلاس میں پیش یا منظوری نہیں دی گئی، اور آئین کے آرٹیکل 191 کے تحت سپریم کورٹ کو اپنے رولز بنانے کا اختیار حاصل ہے جو پورے ادارے کی رضامندی سے ہونا چاہیے۔
چاروں ججز نے موقف اختیار کیا ہے کہ بغیر فل کورٹ کی منظوری کے رولز کی سرکولیشن قانونی حیثیت نہیں رکھتی، اس لیے انہوں نے فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے معذرت کی ہے۔




