پاکستان
Trending

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹوکیو کی نائب گورنر ماتسوموتو آکیکو سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور خواتین قیادت کے فروغ پر گفتگو

 

ٹوکیو :پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان کے دارالحکومت میں ٹوکیو کی نائب گورنر ماتسوموتو آکیکو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون، خواتین کی قیادت، اور شہری ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

نائب گورنر آکیکو نے مریم نواز شریف کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی محترمہ آکیکو کو ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر مبارکباد پیش کی اور جاپان میں ان کی 35 سالہ خدمات کو سراہا۔

 

دونوں خواتین رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور جاپان میں خواتین کا قائدانہ کردار دونوں معاشروں کی مشترکہ قدر ہے، اور مستقبل میں خواتین کی قیادت کے فروغ کے لیے باہمی روابط کو وسعت دی جائے گی۔

 

ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی، جن میں خاص طور پر:

شہری ترقی

انفراسٹرکچر

قابلِ تجدید توانائی

صاف پانی کی فراہمی پر بات ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان کی جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی نظم و نسق سے استفادہ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں "ستھرا پنجاب” جیسے منصوبوں کو ٹوکیو کی "کلین اتھارٹی” کی طرز پر وسعت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے پنجاب کو سرسبز و صاف بنانے، عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جاری منصوبوں سے بھی نائب گورنر کو آگاہ کیا۔

 

مریم نواز نے جاپان کو ترقی اور اخلاقی اقدار کا حسین امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپانی ماڈلز سے سیکھ کر کئی شعبوں میں مؤثر بہتری لا سکتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ٹوکیو میٹروپولیٹن آفس آمد پر ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button