کراچی :ملکی معیشت کے لیے توانائی کے شعبے سے حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے لیے باہمی تعاون پر مبنی اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی شراکت داری کے تحت ایسٹرن آف شور انڈس بلاک سی میں تلاش کا آغاز کیا جائے گا، جو سٹریٹجک توانائی تعاون کے نئے مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے۔
خط کے مطابق پی پی ایل نے اپنے 25 فیصد شراکتی حصے اور آپریٹرشپ ترکیہ کی کمپنی پیٹرولیم اوورسیز کو منتقل کر دی ہے۔ منصوبے میں او جی ڈی سی ایل اور ماری انرجیز بھی 20، 20 فیصد حصے کے ساتھ شریک ہیں۔
پی پی ایل نے تصدیق کی ہے کہ وہ منصوبے میں اپنا 35 فیصد حصہ برقرار رکھے گا، جو پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی جدید بنیادوں پر تلاش کی جانب نمایاں پیش رفت ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل المدتی توانائی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا اور قومی سطح پر توانائی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔




