لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بزرگوں کو معاشرے کا قیمتی اثاثہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بزرگ افراد ہمارے ماضی کی عکاسی، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے ایک قیمتی سبق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی عزت و احترام کرنا ہر فرد کا فرض ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ انہوں نے بزرگوں کی قربانیوں، تجربات اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزرگ ہمارے معاشرے کا سرمایہ ہیں جنہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔ بزرگوں کے تجربات ہمارے لیے خزانے سے کم نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بزرگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہومز کو بہتر بنا رہی ہے، جہاں مقیم بزرگوں نے حج کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔
مریم نواز نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں کا احترام کریں اور ان کی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت الیکٹرک بسوں میں بزرگوں کو مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں آسانی ہو۔




