لاہور: پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صوبے کی تاریخ کا سب سے وسیع فلڈ سروے جاری ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، 27 سیلاب متاثرہ اضلاع میں 1857 ٹیمیں گھر گھر جا کر متاثرین کا ڈیٹا جمع کر رہی ہیں۔
اب تک فلڈ سروے میں 81,510 متاثرین کی تفصیلات درج کی جا چکی ہیں، جبکہ 56,207 کسانوں سے ان کی فصلوں کے نقصانات کی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ سروے ٹیموں نے مجموعی طور پر 53,985 ایکڑ سیلاب سے متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی ہے۔
اسی طرح، سیلاب سے متاثرہ 24,246 مکانات کا ڈیٹا بھی ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں، 1,057 افراد جنہیں مویشیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان سے بھی معلومات اکٹھی کی گئی ہیں۔ اب تک 3,945 ہلاک شدہ مویشیوں کی تفصیلات بھی موصول ہو چکی ہیں۔
پنجاب کے اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت، لائیو سٹاک، اور پاک فوج کے نمائندے مل کر کام کر رہے ہیں اور کشتیوں کی مدد سے دور دراز اور سیلابی دیہات کا بھی سروے کیا جا رہا ہے تاکہ ہر متاثرہ فرد اور گھر کا درست ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ روزانہ سروے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کام میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایک سیلاب متاثرہ بزرگ شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے نقصانات کی تلافی کے لیے بھرپور کام کریں گی۔ متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے اور سروے ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔




