پاکستان

پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات درپیش ہیں ,وزیر خارجہ اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین خطرات درپیش ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ہونے والے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں مارگلہ ڈائیلاگ 2025 میں خطاب کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آج انسانیت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج عالمی سطح پر بہت کم ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پاکستان پر سب سے زیادہ مرتب ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "سلامتی کونسل عالمی امن و استحکام کی ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، اور عالمی ادارے اس وقت کمزور ہو چکے ہیں۔”

اسحاق ڈار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط بنانے اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "عالمی معاشی مساوات کو بڑھانا اور مؤثر نظام کے تحت عالمی تعاون کو نافذ کرنا ناگزیر ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔”

وزیر خارجہ نے عالمی قرضوں کے بحران پر بھی بات کی اور کہا کہ "یہ بحران دنیا کے 100 سے زائد ممالک کو منفی طور پر متاثر کر چکا ہے۔” اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک سب کے لیے بلاتفریق رسائی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دنیا بھر میں ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button