اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور انڈونیشیا کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انڈونیشیا کے صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور فوجی تربیت، انسداد دہشت گردی اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔




